اعتزاز احسن نے عمران خان کو نواز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دیدیا

لاہور(این این آئی )پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنمااعتزازاحسن نے عمران خان کو نواز شریف سے بہتر وزیراعظم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے بعد پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں سے مزید فاصلہ پیدا کرلیا ہے، پی ڈی ایم میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش ہے کہ کوئی نیا سلیکٹڈ آرہا ہے،پی ڈی ایم کا ایجنڈا ابھی تک مسلم لیگ (ن)نے سیٹ کیاجبکہ اتحاد میں شریک میں تمام جماعتوں کا فیصلہ مسلم لیگ (ن)کرنا چاہتی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سابق گورنر محمد زبیر جاکر آرمی

چیف سے ملاقاتیں کرتے ہیں، پی ڈی ایم جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر سفارتکاری شروع کردیتے ہیں، اسی طرح گوجرانوالہ جلسے میں تقریر پر کسی کواعتماد میں نہیں لیاگیا لیکن جب ناکام ہوتے ہیں توآپ پانسہ پلٹ دیتے ہیں۔اعتزاز احسن نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سال میں ایک مرتبہ بھی ہسپتال نہیں گئے، نوازشریف کو بظاہر کوئی بیماری نظر نہیں آرہی، وہ آج سے 20 برس پہلے بھی معاہدہ کرکے چلے گئے تھے ،یہ جیلوں میں نہیں رہ سکتے۔سینٹ انتخابات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں یوسف رضا گیلانی کے علاوہ کوئی شخص نہیں تھا جو چیئرمین سینیٹ کا انتخاب جیت سکے، چیئرمین سینیٹ کے انتخا ب کے معاملے پر غور کررہے ہیں کہ اسے کس عدالت میں چیلنج کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کوخود مختار صوبہ دیکھنا چاہتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *