مغربی سسٹم رخصت ،ہوائوں کا رخ تبدیل محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو پیشگی خبردار کردیا

کراچی(این این آئی)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میںکل سے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زائد رہنے کا امکان ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ میں معمول کا اوسط درجہ حرارت 32.4 ڈگری رہا ہے جبکہ اب کراچی کا درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفرازکے مطابق مغربی سسٹم رخصت ہونے کے باعث ہوائوں کا رخ تبدیل ہوگا، کراچی میں شمال مغرب سے خشک اور گرم ہوائیں چلیں گی۔انہوں نے بتایاکہ 30 مارچ کے بعد کراچی کا

درجہ حرارت 39 ڈگری تک جاسکتا ہے جبکہ ہیٹ ویوز آنے کے بھی امکانات رہیں گے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کراچی میں ڈوپلر ریڈار کی تنصیب مکمل ہوگئی ہے جب کہ نیا ریڈارتیز ترین اور کئی روز پر محیط پیش گوئی کے لیے رواں سال مون سون سے قبل کام شروع کردے گا۔گزشتہ روز موسم کے عالمی دن کے حوالے سے محکمہ موسمیات کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ موسمیات کے افسران وملازمین کے علاوہ سابق چیف میٹرولوجسٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہری شریک ہوئے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردارسرفراز نے کہا کہ کراچی میں جدید ڈوپلرریڈارنصب کیا جاچکا ہے،کورونا کے باعث ڈوپلرریڈار کی تنصیب پر مامور جاپانی انجینئرز کو واپسجانا پڑا تھاتاہم امید ہے کہ ریڈار مون سون سے قبل کام شروع کردے گا، موجودہ اینالاگ ریڈارسے 3 دن کی موسمیاتی پیش گوئی پہلے ہی کی جارہی ہے، ڈوپلر کے فعال ہونے کے بعد 7 دن کی درست پیش گوئی کی جاسکے گی۔سردار سرفراز کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے لیے65 آٹومیٹک ویدراسٹیشن آچکے ہیں، ہاکس بے اور بن قاسم میں آٹو میٹک ویدر اسٹیشن بھی لگائے جائیں گے۔ڈائریکٹر موسمیات کے مطابق رواں سال کا عنوان سمندر، ہماری آب و ہوا اور موسم ہے،سمندر گرم ہوتے جارہے ہیں،2020زمین کا تیسرا گرم ترین سال رہا،2011سے2020 تک تاریخ کے دس گرم ترین سال رہے،سمندری حرارت تاریخی عروج پر ہے، گلیشیر پگھل رہے ہیں سطح سمندر میں اضافہ ہورہا ہے،عالمی حدت سے موسم شدت اختیار کررہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *