حکومت کا گریڈ ایک تا سولہ کی سینکڑوں آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ + آن لائن) حکومت نے گریڈ ایک تا سولہ کی سینکڑوں آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا، کابینہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق آسامیاں ختم کرنے سے تنخواہوں اور پنشن کی مد میں اربوں روپے کی بچت ہو گی، تمام ڈویژنز اور وزارتوں کو کابینہ کمیٹی کا فیصلہ ارسال کر دیا گیا ہے، کہا گیا ہے کہ ختم کی جانے والیآسامیوں میں ٹرانسفر، پوسٹنگ اور ترقی کی وجہ سے خالی آسامیاں شامل نہیں ہوں گی۔ صحت، تعلیم اور پولیس کی گریڈ ایک سے سولہ تک کی آسامیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔ وزارتوں کو کابینہ کمیٹی

نے ایک ماہ میں خالی آسامیوں کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت میں اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ حکومت مہنگائی کی ستائی عوام کو رمضان سے قبل ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 128 پی پی55، 154میں جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن برائے استصواب گروپ لیڈرز قومی و صوبائی حلقہ جات میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قائم مقام صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی ضلع لاہور چوہدری ذوالفقار علی ایڈوکیٹ، امیر جماعت اسلامی شرقی لاہور ڈاکٹر محمود احمد، سیکرٹری شرقی لاہو رخبیب نذیر،صدر سیاسی امور علاقہ شرقی لاہور زبیر صدیقی، امیر جماعت اسلامی پی پی 155 زاہد علی کھوکھر ایڈوکیٹ، امیر جماعت اسلامی پی پی 154عاصم صدیقی سمیت بڑی تعداد میں ارکان جماعت نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے معیشت،کاروبار، روزگار ٹھپ ہے اور حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگا کر عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ جاتاہے، منافع خور سرگرم ہو جاتے ہیں، دالیں، چینی، مرغی، چھوٹا اور بڑا گوشت، چائے کی پتی، دودھ، انڈے، مشروبات،چاول، گھی، بیسن، آٹا، سبزی، پھل اور ہر قسمکی ضروریات زندگی مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں اور حکومت اور انتظامیہ کاغذی کاروائیوں اور بیانات تک محدود رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چند دنوں بعد رمضان المبارک کی آمد ہے لیکن آٹا، چینی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمت بڑھا دی گئی جبکہ آج بجلی کی قیمت میں اضافہ کر کے بھی عوام کوبجلی کا جھٹکا دیا گیا ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے،عوام اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔

Leave a Comment