علمائے کرام کی کالعدم جماعت کے سربراہ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )علمائے کرام کے وفد نے حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جماعت (ٹی ایل پی)کے سربراہ سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی۔گزشتہ دنوں پارٹی سربراہ کو پولیس نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں علماء کے وفد نے ان سے جیل میں ملاقات کی۔نجی ٹی وی جیو کے ذرائع کےمطابق علماء کے وفد نے کالعدم جماعت کے سربراہ سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جبکہ علمائے کرام کا کہنا تھاکہ انتشار اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے ہی ملک

کا نقصان ہوا لہٰذا ملک میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جائے۔ذرائع نے بتایا کہ ‎علماء نے انہیں کالعدم پارٹی کے کارکنان کیلئے ویڈیو پیغام جاری کرنے کا کہا جس میں مظاہرین سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی جائے۔علمائے کرام نےاپیل کی کہ ‎لاہور کا دھرنا ختم کیا جائے۔ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات تقریباً 5گھنٹے جاری ہے وفد میں صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر اوردیگر شامل ہیں۔دوسری جانب حکومت کے کالعدم جماعت کیساتھ مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو چکا ہے ، جبکہ تیسرا دور 10بجے شروع ہو گا ۔ مظاہرین نے یرغمال پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق (ٹی ایل پی )کیساتھ مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو چکا ہے ،دھرنا مظاہرین کی جانب سے 11 یرغمال پولیس اہل کاروںکو چھوڑ دیا گیا ہے ۔قبل ازیں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امید ہے کالعدم جماعت سے تمام معاملات طے پا جائیں گے۔مار گلہ ہائی وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جتنا کام کرتے ہیں اتنا کسی نے نہیں کیا، عمران خان ملک دشمنوں کو شکست دیں گے، ملک میں ٹانگ کھینچنے والوں کی کمی نہیں، کچھ لوگ موقع کی تلاش میں رہتے ہیں، بعض لوگ اسلام آباد کے لئے صرف اسلام کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ بعض لوگ اسلام آباد کی طرف صرف ترسی ہوئی نگاہ سے دیکھتے ہیں، اللہ نیتوں کا پھل دیتا ہے اور نیتوں کا پھل دے رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ لوگ جن کے عقیدے نہیں ملتے وہ بہانے اور موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں، لیکن وہ نہیں جانتے جس کا نام عمران خان ہے اس نے شکست کھانا نہیں سیکھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض لوگ اسلام کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن ان شاء اللہ وزیراعظم عمران خان اسلام اور ملک دشمنوں کو شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے، حکمرانی دیتا ہے اور چھین بھی لیتا ہے، بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ حکمرانی ہماری وجہ سے ہے۔

Leave a Comment